November 01, 2024 | 10:01 am

ہانگ کانگ سکسز: پاکستان نے یو اے ای کو 13 رنز سے ہرا دیا

ہانگ کانگ سکسز میں آج کے کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 13 رنز سے شکست دے دی۔

یو اے ای کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کے جواب میں پاکستان نے مقررہ 6 اوورز میں 128 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹر محمد اخلاق نے 15 گیندوں پر 3 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 52 رنز جبکہ ہارڈ ہٹر بیٹر  آصف علی نے 14 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 7 چھکوں کی مدد سے نصف سنچری اسکور کی۔ کپتان فہیم اشرف 9 اور عامر یامین 12 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

متحدہ عرب امارات کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 115 رنز ہی بنا سکی، یو اے ای کی ٹیم کے کپتان آصف خان صرف 1 رن بنا کر شہاب خان کی گیند پر فہیم اشرف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ اوپننگ بیٹر خالد شاہ 34 کے اسکور پر اپنی وکٹ آصف علی کو دے بیٹھے۔

یو اے ای ٹیم کی جانب سے ون ڈاؤن بیٹر سنچت شرما 13 رنز بنا کر عامر یامین کی گیند پر شہاب خان کے ہاتھوں میں کیچ تھما بیٹھے جبکہ شہاب خان نے ہی محمد زوہب کا 53 رنز پر آصف علی کی گیند پر کیچ پکڑا۔

عاکف راجہ بغیر کوئی رن بنائے دوسری ہی گیند پر عامر یامین کی گیند پر وکٹ کیپر محمد اخلاق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ ظہور خان 7 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

پاکستان کی جانب سے عامر یامین اور آصف علی نے دو، دو شکار کئے جبکہ شہاب خان نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔ آصف علی نے 14 گیندوں پر 50 اور 6 رنز سے کر 2 وکٹیں حاصل کرکے کھیل کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔ ایونٹ میں آج ہائی وولٹیج پاک بھارت ٹاکر ا اب سے کچھ گھنٹے میں کھیلا جائے گا۔