October 14, 2024 | 10:32 am

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کل سے شروع ہوگا

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ کل ملتان میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ کل سے شروع ہونے والے میچ میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بابر اعظم، سرفراز احمد، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ مستقبل کی ذمہ داریوں کو دیکھتے ہوئے سلیکٹرز نے بابر اعظم، نسیم شاہ، سرفراز احمد اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے اور ہم چاہتے ہیں بابر اعظم سمیت چار ٹاپ کھلاڑی تازہ دم ہو کر واپس آئیں۔

انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شان مسعود کی قیادت میں سعود شکیل، عامر جمال، عبد اللہ شفیق، حسیب اللہ (وکٹ کیپر)، کامران غلام، مہران ممتاز، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر) نعمان علی، صائم ایوب، ساجد خان، سلمان علی آغا اور زاہد محمود شامل ہیں۔

پی سی بی کا ماننا ہے کہ حسیب اللہ، مہران، کامران غلام، محمد علی، نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود میں سے ہر ایک موقع سے فائدہ اٹھانے اور بقیہ دو ٹیسٹ میچوں میں ٹیم کی خدمت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یاد رہے کہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم کو بدترین شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا، یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں کوئی ٹیم 500 اسکور کرکے اننگز کی شکست سے کبھی بھی دوچار نہیں ہوئی مگر پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 500 رنز بنا کر بھی اننگز اور 47 رنز سے ہارنے والی کرکٹ کی تاریخ میں واحد ٹیم بن گئی ہے۔