October 03, 2024 | 01:48 pm

پاکستان کو ساؤتھ ایشین کراس کنٹری ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی میزبانی مل گئی

فائل فوٹو

رپورٹ: فیضان لاکھانی۔۔۔ پاکستان رواں سال پہلی مرتبہ ساؤتھ ایشین کراس کنٹری ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا۔ یہ ایونٹ 24 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ حکومت پاکستان نے تمام ممالک کی ٹیموں، بشمول بھارت، کی شرکت کی کلیرنس دے دی ہے۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کو اس ایونٹ کے انعقاد کے لئے این او سی بھی جاری کردیا ہے۔

ساؤتھ ایشین کراس کنٹری چیمپئن شپ میں پاکستان، بھارت، بنگلا دیش، بھوٹان، نیپال، سری لنکا اور مالدیپ کے ایتھلیٹس شرکت کریں گے۔

ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ایونٹ کی مزید تفصیلات جلد جاری کردی جائیں گی۔

کراس کنٹری ایتھلیٹکس ایک ایسا رننگ ایونٹ ہے جس میں ٹیمیں اور انفرادی ایتھلیٹس نیچرل فیلڈ جیسے مٹی، گھاس اور جنگلاتی علاقوں میں دوڑ لگاتے ہیں۔ ٹریک عام طور پر 3 سے 12 کلومیٹر لمبا ہوتا ہے اور اس میں اونچائی، میدانی علاقے، اور کبھی کبھار کنکریلی سڑک اور چھوٹی رکاوٹیں شامل ہوتی ہیں۔

یہ ایک انفرادی اور ٹیم کا کھیل ہے، جس میں کھلاڑیوں کو ان کے انفرادی وقت کی بنیاد پر اور ٹیموں کو پوائنٹس اسکورنگ کے طریقے سے پرکھا جاتا ہے۔

مزید خبریں