October 03, 2024 | 11:27 am

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی جانے والی تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا ہے۔

ویسٹ انڈیز کے سر رچی رچرڈسن اس سیریز میں میچ ریفری کی حیثیت سے پلیئنگ کنٹرول ٹیم کے سربراہ ہوں گے۔ وہ آیئی سی سی کے ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے ممبر ہیں۔

پہلے ٹیسٹ کے لیے سری لنکا کے کمار دھرما سینا اور بنگلا دیش کے شرف الدولہ سیکت آن فیلڈ امپائرز ہوں گے یہ دونوں آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ کے کرسٹوفر گیفینی جو آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز کا حصہ ہیں تھرڈ امپائر ہوں گے جبکہ پاکستان کے آصف یعقوب ( آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف امپائر) فورتھ امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔

دوسرے ٹیسٹ کے لیے کمار دھرما سینا اور کرسٹوفر گیفینی آن فیلڈ امپائرز کے فرائض انجام دیں گے جبکہ شرف الدولہ سیکت تھرڈ امپائر ہوں گے۔ پاکستان کے راشد ریاض جو آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف امپائرز کا حصہ ہیں، چوتھے امپائر ہوں گے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں تیسرے ٹیسٹ کے لیے کرسٹوفر گیفینی اور شرف الدولہ سیکت آن فیلڈ امپائرز کے فرائض سرانجام دیں گے جب کہ کمار دھرما سینا تھرڈ امپائر ہوں گے۔ پاکستان کے فیصل آفریدی جو انٹرنیشنل پینل آف امپائرز میں شامل ہیں ، چوتھے امپائر ہوں گے۔

واضح رہے کہ یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے جس کا پہلا ٹیسٹ 7 سے11 اکتوبر تک ملتان میں کھیلا جائے گا پھر دوسرا ٹیسٹ بھی ملتان میں 15 سے 19 اکتوبر تک کھیلا جائے گا جبکہ راولپنڈی 24 سے28 اکتوبر تک تیسرے ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا۔