September 20, 2024 | 01:03 pm

جنوبی افریقہ نے پاکستان کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

فوٹو بشکریہ پی سی بی

جنوبی افریقی ویمنز کرکٹ ٹیم نے پاکستان ویمنز کو تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔

پاکستان ویمنز کی جانب سے 154 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر اسکور پورا کرکے سیریز اپنے نام کرلی۔

جنوبی افریقی ویمنز کی جانب سے کپتان لورا ولورڈ نے 45 رنز اسکور کئے جبکہ ان کی ساتھی اوپننگ بیٹر تازمین برٹس بغیر کوئی رن بنائے پہلی گیند پر سعدیہ اقبال کی گیند کا نشانہ بنی اور اینکی بوش 46 رنز پر ریٹائر ہرڈ ہوئیں۔

مہمان ٹیم کی جانب سے انیری درکسن اور سنی لوئس بالترتیب 44 اور 14 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہی۔

پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال اور طوبہ حسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ملتان اسٹیڈیم میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کے جواب میں پاکستان ویمنز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے۔

پاکستان ویمنز کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹر منیبہ علی نے 33 رنز بنائے جبکہ ان کی ساتھی اوپننگ بیٹر گل فیروزہ نے 18 رنز بنائے۔

سدرہ امین 37 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہی، انہوں نے 40 گیندوں کا سامنا کیا جس میں 3 چوکے شامل تھے، سابق کپتان ندا ڈار 12 اور کپتان فاطمہ ثناء نے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔

قومی ویمنز ٹیم کی جانب سے عالیہ ریاض 8 اور طوبہ حسن 6 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں۔ یاد رہے کہ پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کی ویمنز ٹیم نے 10 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی اور دوسرے میچ میں پاکستان نے 13 رنز سے میچ اپنے نام کیا تھا۔