September 20, 2024 | 12:02 pm

چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان میں سیکورٹی تسلی بخش ہیں: آئی سی سی

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان کے دورے پر آنے والے آئی سی سی کے وفد نے اسلام آباد میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی اور وفد نے سیکورٹی کے حوالے سے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا ہے ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق چیئرمین محسن نقوی سے آئی سی سی کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے جس میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ 2025 کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس ملاقات میں سیکورٹی کے انتظامات پر بھی بات ہو ئی۔

آئی سی سی کے وفد نے کراچی اور راولپنڈی میں چیمپئنز ٹرافی کے لئے کئے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کراچی اور راولپنڈی اسلام آباد کے سکیورٹی انتظامات کو بھی تسلی بخش قرار دیاہے ۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لئے عالمی معیار کے انتظامات کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام چیمپئنز ٹرافی سے قبل ہر صورت مکمل کر لیا جائے گا، تمام ٹیموں کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا پاکستان میں انعقاد ایک اعزاز ہے اور جتنا بڑا ٹورنامنٹ ہے اس کے مطابق انتظامات کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔تمام ٹیموں کے کھلاڑی پرامن اور محفوظ ماحول میں کرکٹ کے کھیل کو انجوائے کریں گے اور اپ گریڈیشن کے بعد سہولیات عالمی معیار کی ہوں گی۔

علم میں رہے کہ وفد میں آئی سی سی کی سینئر مینجر ایونٹس سارہ ایڈگر، ایونٹ مینجر و چیمپئنز ٹرافی ایونٹ لیڈ عون محمد زیدی، جنرل مینجر کرکٹ وسیم خان، سکیورٹی مینجر ڈیوڈ مسکر، براڈ کاسٹ کنسلٹنٹ منصور منج شامل تھے۔