September 20, 2024 | 09:29 am

چیمپئنز ٹرافی: آئی سی سی کی انسپکشن ٹیم آج لاہور پہنچے گی

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ چیمپئنز ٹرافی 2025کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے آئی سی سی انسپکشن ٹیم آج لاہور پہنچے گی ۔ آئی سی سی انسپکشن ٹیم کراچی اور راولپنڈی کے بعد تیسرے مرحلے میں لاہور پہنچ رہی ہے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025کے کراچی ، راولپنڈی اور لاہور وینیوز ہیں اور انہی وینیوز پر انسپکشن ٹیم نے انتظامات کا جائزہ لینا ہے۔

آئی سی سی کی انسپکشن ٹیم کل نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس اورقذافی اسٹیڈیم کا دورہ کرے گی ۔

پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی کی انسپکشن ٹیم کو تعمیراتی کام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جائے گی کیونکہ سب سے زیادہ تعمیراتی کام قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری ہے۔

اس کے علاوہ ٹیم اپنے دورے میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور ایل سی سی گراؤنڈ میں پریکٹس کی سہولیات کا جائزہ لے گی۔ انسپکشن ٹیم ہوٹل اور ٹیم روٹ کا جائزہ بھی لے گی جبکہ سیف سٹی اتھارٹی کے دورے کا بھی امکان ہے۔