September 20, 2024 | 08:15 am

چیمپئنز کپ میں شریک ٹاپ پلیئرز آخری پول میچ کے بعد لاہور جائیں گے

رپورٹ: فیضان لاکھانی۔۔۔ چیمپئنز کپ میں شریک ٹاپ پلیئرز آخری پول میچ کے بعد لاہور جائیں گے کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹاپ کرکٹرز کو لاہور میں کنیکشن کیمپ کے لیے بلایا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم، محمد رضوان ،شان مسعود، شاہین آفریدی اور صائم ایوب کو مدعو کیا ہے۔

چیمپئنز کپ کا آخری پول میچ 22 ستمبر کو ہوگا اس کے بعد 23 ستمبر کو آرام اور پھر 24 سے پلے آف مرحلہ شروع ہوگا جبکہ لاہور میں ایک روزہ کنیکشن کیمپ 23 ستمبر کو ہوگا۔

پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن بھی کیمپ میں موجود ہوں گے جبکہ ریڈ بال کوچ جیسن گلسپی کنیکشن کیمپ میں شرکت کیلئے 22 ستمبر کو لاہور پہنچ جائیں گے۔

واضح رہے کہ اس کنیکشن کیمپ میں پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔