September 07, 2024 | 03:43 pm

چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہوگی اور سب ٹیمیں آئیں گی: چیئرمین پی سی بی

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن رضا نقوی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہوگی ہم بڑے تمام بورڈز سے رابطے میں ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم کے تعمیراتی پراجیکٹ کے معائنے کے موقع پر غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ہم نے تمام تر منصوبہ بندی مکمل کر لی ہےچیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہو گی اور سب ٹیمیں آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ جے شاہ سے رابطہ رہتا ہے آئی سی سی چیئرمین بننے پر پریشانی نہیں، ان سے کئی میٹنگز میں ملاقات ہو چکی ہے۔

محسن نقوی نے بتایا کہ ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس 8 اور 9 ستمبر کو ہے مگر میں اجلاس میں شرکت نہیں کر سکوں سلمان نصیر اجلاس میں شرکت کریں گے، اجلاس میں نئے صدر کے حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔

پاکستان ٹیم کی قیادت کے حوالے سے محسن نقوی نے کہا کہ کپتانوں کے حوالے سے فیصلہ کوچ اور سلیکٹرز کریں گے کیونکہ میں نے ان پر معاملات چھوڑے ہوئے ہیں، 22 ستمبر کو ایک ورکشاپ میں سب کو بلایا ہے تمام لوگ اپنے مشورے دیں گے اس کے بعد فیصلے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ غلطی کہیں بھی ہو آنا مجھ پر ہے، ٹیم اچھا نہ کھیلے سلیکشن کی غلطی ہو یا کوچ کی ہارنے کے بعد سب مجھ پر پڑنا ہے، سلیکشن کمیٹی سے آج بھی ملاقات کر رہا ہوں۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان انگلینڈ سیریز پاکستان میں ہی ہو گی کوئی ٹیسٹ باہر نہیں ہو گا، ملتان اور راولپنڈی وینیوز فائنل ہیں اور ہم انگلینڈ بورڈ سے رابطے میں ہیں کوئی ایشو نہیں ہے۔

تعمیراتی کام کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ 30 ستمبر تک بیسمنٹ کا کام مکمل کر لیا جائے گا، تین تین ہفتےمیں ایک ایک ایک فلور مکمل ہو گا۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پویلین اسٹیل کا ہو گا 31 دسمبر تک مین بلڈنگ کھڑی ہو گی اور 31 دسمبر تک جو کام مکمل ہو سکتا ہو گا اس کو ہی پورا ختم کیا جائے گا

انہوں نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کے پورے انکلوژر ز نئے بنیں گے جبکہ پنڈی اسٹیڈیم کا کام روک دیا گیا ہے جو کام شروع کیا اسے ختم کیا جائے گا۔ پنڈی اسٹیڈیم کی ایسی حالت نہیں کہ اس پر تعمیراتی کام کیا جائے، کراچی میں تیزی سے کام شروع ہے جبکہ اسلام آباد میں دبئی اسٹیڈیم کی طرز پر نیا اسٹیڈیم بنایا جائے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کے قریب ہوٹل کا کام چیمپئینز ٹرافی کے بعد شروع ہو گا اور انٹرنیشنل ہوٹل چین کو لایا جائے گا بورڈ کو ریونیو ملے گا۔