September 07, 2024 | 01:24 pm

چیمپئنز کپ انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کے درمیان فرق کو کم کرے گا: ندیم خان

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر ندیم خان __ فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر چیمپئنز ون ڈے کپ ندیم خان کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ون ڈے کپ میں بہترین کرکٹرز حصہ لے رہے ہیں اور اس ٹورنامنٹ کا بنیادی مقصد یہی ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ کے درمیان جو فرق ہے اسے کم کرنے میں یہ ٹورنامنٹ اپنا کردار ادا کرے۔

ندیم خان نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کو ملک میں موجود پانچ اکیڈمیز سے منسلک کردیا گیا ہے اور ان پانچوں ٹیموں کو بہترین کوچنگ اسٹاف مہیا کیا گیا ہے، پی سی بی نے ان ٹیموں کے لئے ہائی پروفائل مینٹورز بھی رکھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ سال پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے پیش نظر اس چیمپئنز کپ کی اہمیت بہت زیادہ ہے کیونکہ اس ٹورنامنٹ سے ہمیں چیمپئنز ٹرافی کے لئے اچھے کھلاڑی مل سکیں گے۔

ندیم خان نے کہا کہ وائٹ بال ہیڈ کوچ گیری کرسٹن بھی چیمپئنز کپ کے دوران موجود ہوں گے کیونکہ انہوں نے اس سے قبل پاکستان میں کام نہیں کیا ہے لہٰذا انہیں خود اپنی نظروں کے سامنے کھلاڑیوں کو کھیلتا دیکھنے کا موقع ملے گا اور انہیں بینچ اسٹرینتھ اور مستقبل کے کھلاڑیوں کے بارے میں پتہ چل سکے گا۔

چیمپئنز ون ڈے کپ 12ستمبر سے فیصل آباد میں شروع ہورہا ہے جس میں پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی

ندیم خان کا کہنا ہے کہ اس ٹورنامنٹ اور چیمپئنز ٹرافی کے درمیان جو ون ڈے انٹرنیشنل ہیں ان میں بھی ان کھلاڑیوں کو ایکسپوژر مل سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئنز کپ میں ایسے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے کہ وہ طویل عرصہ پاکستان کرکٹ کی خدمت کرسکیں ۔ان میں سینئراور نوجوان کرکٹرز بھی شامل ہیں

ندیم خان نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ہماری توجہ پاکستان مینز ٹیم ہے جس کے بعد ویمنز اور انڈر 19 ٹیم کو بھی ایک اکیڈمی سے منسلک کردیا جائے گا، ہمارا مقصد یہ ہے ہمارے کھلاڑیوں کو ان پانچ بہترین اکیڈمیز میں ٹریننگ کی سہولتیں مل سکیں۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر ندیم خان کا کہنا ہے کہ ہمارا کرکٹ کا ڈھانچہ کلب کرکٹ سے شروع ہوتا ہے اور پھر وہ ڈسٹرکٹ اور ریجن سے ہوتا ہوا اوپر تک آتا ہے جس میں پاکستان شاہینز شامل ہے اور مقصد یہی ہےکہ ٹیلنٹ ضائع نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں جب بھی کرکٹ ہوتی ہے بہت زیادہ کراؤڈ آتا ہے، اقبال اسٹیڈیم کی حالت بھی بہت بہتر کی گئی ہے ۔