August 14, 2024 | 02:42 pm

وزیراعظم کی جانب سے مجھے اب تک 50 لاکھ نہیں ملے: جیولین تھرور یاسر سلطان

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ پاکستان کے نمبر دو جیولین تھرور محمد یاسر سلطان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 2023 میں ایشین برانز میڈل پر پچاس لاکھ روپے کا اعلان گھرپر کیا مگر مجھے پچاس لاکھ روپے کا انعام اب تک نہیں ملا۔

جیولن تھرور محمد یاسر سلطان نے لاہور میں اپنے والد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد روزانہ پوچھتے ہیں میں کال کرتا ہوں مجھے جواب نہیں ملتا، میں چکر لگا لگا کر تھک چکا ہوں۔

یاسر سلطان نے کہا کہ جو انعام کا اعلان کیا وہ دیا جائے سہولیات دی جائیں، گھر جا کر جیسے ارشد ندیم کو انعام دیا گیا ایسے ہی ملنا چاہیے، ہمیں یکساں برتاؤ نہیں کیا جاتا اور میری درخواست ہے یکساں سلوک کرے اور سپورٹ کریں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے یاسر سلطان نے کہا کہ میں ایشیا کا برانز اور سلور میڈلسٹ ہوں، ہمیں عزت دی جائے ہم گھر چلانے کے پیسے نہیں مانگتے۔

انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کو بھی اس حوالے سے کہا ہے انہوں نے بھی مجھ سے درخواست مانگی لیکن کچھ نہیں کیا گیا، چیک اب تک نہیں دیا نہ کوئی سہولت دی گئی۔

جیولین تھرور محمد یاسر سلطان اپنے والد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے

یاسر سلطان نے کہا کہ ٹریننگ کے لئے مجھے باہر جانے کا موقع نہیں دیا گیا مگر ان حالات کے باوجود اگلے اولمپکس میں میں نظر آؤں گا، مجھے باہر جا کر کھیلنے کی آفرز ہیں دبئی اور کئی ممالک سے آفرز ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے ملک کا نام روشن کیا ہے، آج ہمارے لیے دگنی خوشیوں کا دن ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران جیولن تھرور یاسر سلطان کے والد نے کہا کہ سال سے زیادہ ہو گیا اب تک ایک پیسہ حوصلہ افزائی کے لیے نہیں دیا گیا، جاب کا بھی کہا تھا لیکن نہ چیک ملا نہ جاب بس پرائم منسٹر سے درخواست ہی کر سکتے ہیں میں ڈرائیور ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ شائد ہمیں کیڑے مکوڑے سمجھتے ہیں میری 30 ہزار تنخواہ ہے جو کر سکتا تھا کیا ہے، چھوٹی نوکری میں سب اپنی اولاد کے لیے کیا ہے، وہ بڑے لوگ ہیں اور ان کی بڑی باتیں ہیں۔

یاسر سلطان کے والد کا کہنا تھا کہ گاؤں تک پہنچنا مشکل ہے راستہ بنانے کی اپیل کی تھی لیکن راستہ تک نہیں ملا، ہمارا علاقہ وزیر اعظم کے حلقے میں آتا ہے۔