August 14, 2024 | 01:33 pm

یوم پاکستان کو کھیل کے شعبے میں کن شخصیات کو ایوارڈ سے نوازا جائے گا؟

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے لیے خدمات کے اعتراف میں 104 پاکستانی اور غیر ملکیوں کو اعزازات دینے کی منظوری دے دی ہے اور ایوانِ صدر کے اعلامیے کے مطابق اعزازات 23 مارچ 2025ء کو خصوصی تقریب میں دیے جائیں گے۔

نمایاں خدمات کے اعتراف میں ذوالفقار علی بھٹو شہید کو نشانِ پاکستان جبکہ کھیل کے شعبے میں پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے ارشد ندیم کو ہلالِ امتیاز اور مرحوم کوہ پیما مراد سد پارہ کو ستارۂ امتیاز عطاء کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق ادب کے شعبے میں ناصر کاظمی مرحوم کو نشانِ امتیاز بعد از وفات جبکہ پرنس عبدالعزیز بن سلمان السعود کو ہلالِ پاکستان اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں عامر حفیظ ابراہیم کو بھی ہلالِ امتیاز عطا کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

ڈاکٹر غلام محمد علی اور سردار محمد آفتاب احمد خان وٹو کو ستارۂ امتیاز جبکہ ڈاکٹر سارہ قریشی، ڈاکٹر رفیع الدین اور پروفیسر ڈاکٹر عثمان قمر کو تمغۂ امتیاز عطاء کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

بہادری کے اعتراف میں سب انسپکٹر تیمور شہزاد شہید، سپاہی محمد آصف شہید، ایس پی محمد اعجاز خان شہید، ڈی ایس پی سردار حسین شہید، ڈی ایس پی علامہ اقبال شہید، ایل ایچ سی محمد فاروق شہید، ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی شہید ، اللّٰہ رکھیو نندوانی، کانسٹیبل جہانزیب اور کانسٹیبل ارشاد علی شہید کو ہلالِ شجاعت بعد از وفات عطا کیا جائے گا۔

اعلامیہ کے مطابق ملک سبز علی شہید اور کیپٹن ریٹائرڈ حمزہ انجم کو ستارۂ شجاعت سے نوازا جائے گا جبکہ چانگ باؤ چُنگ اور شن من لیو کو تمغۂ قائد اعظم اور ڈیانا مک آرتھر کو تمغۂ خدمت عطا کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ شعبۂ طب، ادب اور فنون سمیت ٹیکس گزاروں اور ایکسپورٹرز کو بھی ایوارڈ عطاء کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔