August 14, 2024 | 10:34 am

’’آزادکشمیر کے اسپورٹس بورڈ نےکشمیر سپریم لیگ کو غیر قانونی کہہ کر بڑی غلطی کر دی‘‘

کشمیر سپریم لیگ کے ڈائریکٹر آپریشن معین خان کا کہنا ہے کہ آزادکشمیر کے اسپورٹس بورڈ نے کشمیر سپریم لیگ کو غیر قانونی کہہ کر بڑی غلطی کر دی ہے۔

کشمیر سپریم لیگ کے حوالے سے اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان نے کہا کہ کشمیر سپریم لیگ کی منظوری پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے دی ہے، وزیر داخلہ محسن نقوی اور ہم سب چاہتے ہیں کہ کشمیر میں اس لیگ کا انعقاد ہونا چاہئے۔

ڈائریکٹر آپریشن کشمیر سپریم لیگ معین خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ کچھ عناصر اس لیگ کا راستہ روکنے کیلئے اپوزیشن کریئٹ کرنا چاہتے ہیں، کشمیر سپریم لیگ مکمل طور پر قانونی ہے کرکٹ کے چاہنے والے اس کو سپورٹ کریں۔

معین خان نے کہا کہ ایسے لوگوں کے لیے ہمارا پیغام ہے کہ پہلے ہی ملک میں کھیلوں کے لئے حالات مخدوش ہیں، کھیلوں کی سرگرمیاں تنزلی کا شکار ہیں لہٰذا کشمیر کے باصلاحیت نوجوانوں کا منفی پروپیگنڈے کے ذریعے راستہ روکنے کی کوشش نہ کریں۔