July 13, 2024 | 03:09 pm

سابق کپتان اور ان کی اہلیہ عدت میں نکاح کیس سے بری

اسلام آباد کی عدالت نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں منظور کرتے ہوئے انہیں بری کردیا ہے۔

رواں سال 3 فروری کو اسلام آباد کے سول جج قدرت اللہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 7، 7 سال قید اور 5،5 لاکھ جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عدت کیس میں سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر آج جج افضل مجوکا نے فیصلہ سنایا۔

عدالت نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے دونوں کی سزائیں کالعدم قرار دیں اور بری کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے کہا کہ دوسرے مقدمے میں مطلوب نہیں تو بانی پی ٹی آئی،بشریٰ بی بی کو فوری رہا کیا جائے، دونوں کی رہائی کی روبکار جاری کردی گئی ہے۔

فیصلے سے قبل کمرہ عدالت صحافیوں اور وکلا سے کھچا کھچ بھرگیا اور پولیس کی جانب سے کمرہ عدالت سے پی ٹی آئی کارکنان کو باہر نکالا گیا، پولیس نے صحافیوں اور وکلا کو کمرہ عدالت میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی۔