July 12, 2024 | 12:49 pm

ونندو ہسارنگا سری لنکن ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سے مستعفی ہوگئے

رپورٹ: فیضان لاکھانی۔۔۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد ونندو ہسارنگا سری لنکن ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سے مستعفی ہوگئے ہیں اور اب ہسارنگا بطور پلیئر سلیکشن کیلئے دستیاب ہوں گے ۔

سری لنکن ٹیم امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکی تھی جس کے بعد ٹیم کی قیادت کرنے والے ونندو ہسارنگا اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں ۔

ہسارنگا نے اپنا استعفی سری لنکن کرکٹ بورڈ کو بھجوا دیا ہے اور سری لنکن بورڈ نے استعفی کی تصدیق بھی کردی ہے ۔

ہسارنگا نے اپنے استعفی میں لکھا ہے کہ ٹیم کے مفاد میں یہی بہتر ہے کہ وہ کپتانی سے سبکدوش ہوکر بطور عام پلیئر کھیلیں، ان کا کہنا تھا کہ وہ بطور عام پلیئر سری لنکلن ٹیم کی بہتری میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔

سری لنکن ٹیم اس ماہ بھارت کے خلاف وائٹ بال سیریز کھیلے گی۔ اس سے قبل سری لنکا کے ہیڈ کوچ کرس سلور ووڈ بھی عہدے سے استعفی دے چکے ہیں۔