June 25, 2024 | 10:05 am

افغانستان ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا


افغانستان کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 8 رنز سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کنگس ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور 5 وکٹوں کے نقصان پر 115 رنز بنائے۔

افغانستان کی اوپننگ جوڑی ابراہیم زدران اور رحمن اللہ گرباز نے بہترین شراکت داری کا مظاہرہ کیا اور 64 گیندوں میں 59 رنز بنائے۔

انفرادی طور پر رحمن اللہ گرباز نے 55 گیندوں میں 3 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 43 رنز جبکہ ابراہیم زدران نے 29 گیندوں میں 18 رنز بنائے۔

ابراہیم زدران اور رحمن اللہ نے بابر اور رضوان کا ریکارڈ توڑ دیا

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ افغانستان کے ابراہیم زدران اور رحمن اللہ گرباز نے بابر اعظم اور محمد رضوان کی پارٹنر شپ کا ریکارڈ توڑ دیا، افغان اوپننگ جوڑی ورلڈ کپ کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ پارٹنر شپ رنز بنانے والی جوڑی بن گئی، ان دونوں کھلاڑیوں نے بنگلہ دیش کے خلاف سپر ایٹ میچ میں یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے راشد حسین نے 3 جبکہ تسکین احمد اور مستفیضر رحمٰن نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ میں بار بار بارش کے باعث رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا اور یوں بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 19 اوور میں جیت کے لیے 114 رنز کا ہدف ملا مگر بنگلہ دیشی ٹیم 17.5 اوور میں ہی 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے اوپننگ بیٹر لٹن ڈاس 54 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، افغانستان کی جانب سے نوین الحق اور راشد خان نے چار، چار شکار کئے جبکہ فضل الحق فاروقی اور گلبدین نبی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

افغان بولر نوین الحق نے 26 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔