June 21, 2024 | 12:07 pm

امریکا میں پاکستانی کرکٹرز نے رابطے محدود کرلیے

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 سے پاکستان ٹیم کے جلد باہر ہونے کے بعد پھر فاسٹ بولر حارث رؤف کے ساتھ مداح کی بدسلوکی کے بعد امریکہ میں شائقین سے ٹیم کا فاصلہ برقرار رکھا جا رہا ہے۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق بابر اعظم، شاداب خان اور چند دیگر جنہوں نےامریکہ میں اپنے قیام کو طول دیا، ان کے عوامی رابطے محدود ہو گئے ہیں اور وہ صرف ان لوگوں سے مل رہے ہیں جن سے وہ واقف ہیں۔

یاد رہے کہ گروپ میچز میں پاکستان ٹیم کو جتنا فیورٹ سمجھا جا رہا تھا قومی ٹیم نے اتنی ہی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ دکھایا، قومی ٹیم کو پہلا جھٹکا امریکہ کے ہاتھوں سپر اوور میں لگا پھر بھارت نے 6رنز سے ایک اور جھٹکا دے دیا۔

ان دو میچز میں شکستوں کے بعد پاکستان ٹیم نے بالترتیب کینیڈا اور آئرلینڈ کو 7 اور 3 وکٹوں سے شکست دی۔

میگا ایونٹ کے سپر ایٹ مرحلے کا آغاز بھی ہوچکا ہے جس کے گروپ 1 میں آسٹریلیا، بھارت، افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ گروپ 2 میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، امریکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں شامل ہیں۔