June 15, 2024 | 01:47 pm

اعظم پر تنقید غلط، فٹ نہیں تو سلیکٹ کرنیوالوں کا احتساب کیا جائے: انضمام الحق

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ نوجوان اعظم خان پر تنقید بلاجواز ہے ، اصل میں ان لوگوں کا احتساب کیا جائے جن لوگوں نے ان فٹ کھلاڑی کو ٹیم میں منتخب کیا ہے۔ اگر اعظم خان فٹ نہیں تو فٹ کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں کیا کردیا۔ دراصل پاکستان ٹیم کی سلیکشن ہی غلط تھی اور ٹیم کا توازن ہی دکھائی نہیں دیا۔

نجی ٹی وی پر انٹر ویو میں انضمام الحق نے کہا کہ جب میں چیف سلیکٹر تھا ہم نے چیمپئنز ٹرافی سے قبل عمر اکمل کو وطن واپس بھیج دیا لیکن کچھ عرصے سے فٹنس ٹیسٹ ہی ختم کردیا گیا۔ جب محمد وسیم چیف سلیکٹر بنے ان کے دور میں یویو ٹیسٹ اور دیگر فٹنس ٹیسٹ ختم کردیئے گئے۔

ادھر ٹیسٹ اوپنر امام الحق نے جیو نیوز کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں کہا کہ بابر اعظم پاکستان کا کپتان ہے، آپ نہیں ماننا چاہتے، ٹھیک ہے، دنیا نے اُسے کنگ بنایا ہے آپ نہیں مانیں۔

امام الحق نے کہا کہ بابر کی ٹیم کیلئے خدمات اور اس حقیقت کا احترام کیا جانا چاہیے، وہ 250 سے زیادہ میچز کھیل چکے ہیں، ان اعداد و شمار کا بھی جائزہ لیں۔