June 15, 2024 | 12:26 pm

قربانی کے جانور حاضر ہوں: محمد حفیظ کی ٹوئٹ


پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر معنی خیز انداز میں ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں لکھا ہے کہ ’ قربانی کے جانور حاضر ہوں، اور ساتھ میں ہش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ کو بھی مخاطب کیا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہونے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے محمد حفیظ نے بظاہر ایک اشارے والی ٹوئٹ کی ہے جس کے بارے میں لوگ سوچنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے 119 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں ملک کی نمائندگی کرنے والے بیٹر محمد حفیظ نے اپنی ایک اور ٹوئٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کرکٹ کا المیہ یہی ہے کہ اعلیٰ افسران کریڈٹ لیتے ہیں مگر ذمہ داری نہیں لیتے ۔

سابق کرکٹر محمد حفیظ کی ٹوئٹ کا اسکرین شاٹ

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں انتہائی مایوس کن کارکردگی رہی اور سپر 8 تک کے مرحلے میں بھی نہیں پہنچ سکی۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کا از سر نو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس کے علاوہ ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ بابر اعظم کی قائدانہ اہلیت سے مایوس ہے لہٰذا بابراعظم بنگلادیش کے خلاف دو ٹیسٹ کی سیریز میں کپتان نہیں ہوں گے اور ان کی جگہ شان مسعود قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔