June 14, 2024 | 09:57 am

بابر اعظم اپنی کارکردگی و کپتانی سے انصاف نہیں کرسکے: انضمام الحق

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پہلے امریکا اور پھر بھارت کے ہاتھوں  قومی ٹیم کی شکست پر کپتان بابر اعظم کی کارکردگی اور کپتانی پر شدید تنقید کی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ بابر اعظم نے دوسری بار کپتانی تو قبول کر لی ہے لیکن وہ اپنی کارکردگی اور کپتان کی حیثیت سے انصاف نہیں کرسکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کپتان کو کئی بار اختیارات نہیں دیئے جاتے انہیں اختیارات لینا پڑتے ہیں لیکن بابر اعظم اختیارات نہیں لے رہے ، اس کا ٹیم کو نقصان ہورہا ہے۔

واضح رہے کہ گرین شرٹس ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں امریکا اور پھر بھارت سے شکست کے بعد کینیڈا کے خلاف اپنی پہلی فتح حاصل کرچکی ہے، ٹیم کا آئرلینڈ کے خلاف میچ باقی ہے اگر قومی ٹیم آئرلینڈ کے خلاف بھی فتح حاصل کرلے، تب بھی سپر ایٹ میں کوالیفائی کرنے کے لیے  امریکا کی آئرلینڈ سے شکست پر انحصار کرے گی۔

سابق ٹیسٹ اوپنر احمد شہزاد نے کہا کہ بابراعظم 5 سالوں سے مسلسل کپتان ہیں، چند ماہ کیلئے کپتانی سے ضرور ہٹے لیکن کبھی ان کا احتساب نہیں ہوا۔

احمد شہزاد نے کہا کہ بطور کپتان بابراعظم کے پاس تمام پاور موجود تھی انہوں نے جس کھلاڑی کو مانگا دیا گیا لیکن اسکے باوجود کوئی ٹائٹل نہ جتوا سکے، پاکستان کے پاس بڑے بڑے سپر اسٹار آئے لیکن تمام کپتانوں کا احتساب ہوا! بابراعظم واحد ہیں جنہیں کسی نے کٹہرے میں لاکر کھڑا نہیں کیا۔