June 14, 2024 | 05:07 am

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، پاپوا نیو گنی کا افغانستان کو جیت کے لیے 96 رنز کا ہدف

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 29 ویں میچ میں پاپوا نیو گنی نے افغانستان کو جیت کے لیے 96 رنز کا ہدف دے دیا۔

گروپ سی میں شامل دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ٹاروبا کے برائن لارا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، افغانستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

پاپوا نیو گینی کی ٹیم 19 عشاریہ 5 اوورز میں 95 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔کپلن ڈوریگا 27، ایلئی ناؤ 13 اور ٹونی اورا 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اس کے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں نہیں پہنچ سکا۔

افغانستان نے اپنے گروپ میں اب تک دو میچز کھیلے ہیں اور دونوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔

افغانستان نے اپنے پہلے میچ میں یوگنڈا کو 125 رنز اور دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کو 84 رنز سے شکست دی تھی۔

دوسری طرف پاپوا نیو گنی کو ایونٹ کے دونوں میچز میں شکست کا سامنا رہا ہے، پہلے میچ میں انہیں ویسٹ انڈیز اور دوسرے میچ میں یوگنڈا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔