June 13, 2024 | 06:21 pm

امریکا آئرلینڈ میچ کے مقام لاڈرہل کے گرد و نواح میں سورج نکل آیا

رپورٹ: فیضان لاکھانی۔۔۔امریکا اور آئرلینڈ کے میچ سے قبل فلوریڈا کے شہر لاڈرڈیل میں بارش تھم گئی، اور سورج نکل آیا۔

واضح رہے کہ امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاڈرڈیل سے متصل علاقے لاڈرہل میں شیڈول یہ میچ پاکستان ٹیم کی دوسرے مرحلے تک رسائی کےلیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

اس میچ میں امریکا کی آئرلینڈ کے خلاف شکست کی صورت میں پاکستان ٹیم کے سپر ایٹ میں پہنچنے کے امکانات روشن ہوجائیں گے۔

لاڈرڈیل میں گزشتہ چند روز سے بارش جاری تھی اور امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ 14 جون کو امریکا اور آئرلینڈ کے میچ جبکہ اس کے بعد 16 جون کو پاکستان اور آئرلینڈ کے میچ میں بھی بارش کے امکانات موجود ہیں۔

تاہم اب لاڈرڈیل سے متصل لاڈرہل میں موسم بہتر ہونے لگا ہے اور یہاں سورج بھی نکل آیا ہے۔

مسلسل ہونے والی بارش کا سلسلہ آج صبح سے تھما ہوا ہے، لاڈرڈیل میں بادلوں کی اوٹ سے سورج نکل آیا اور کہیں کہیں مطلع صاف ہے۔

دوسری جانب لاڈرہل میں بارش کی پیشگوئی موجود ہے تاہم امکانات پہلے سے کم ہیں۔ مسلسل بارش کی وجہ سے کل یہاں پاکستان ٹیم ہوٹل میں ہی رہی۔