June 12, 2024 | 08:35 am

کینیڈا کیخلاف 107 رنز کا ہدف جلدی کیوں نہیں نمٹا دیا؟ بابراعظم نے وجہ بتا دی

پاکستان کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلے فتح کا ذائقہ چکھ لیا، مگر کینیڈا جیسی ٹیم کی جانب سے جیت کے لیے 107 رنز کا ہدف پاکستان کرکٹ ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 15 گیند قبل عبور کیا۔

اس معمولی سے ٹارگٹ کو اتنا لمبا کیوں کھینچا گیا ؟ اس بار ے میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ کینیڈا کے خلاف ہم اپنے پلان کے مطابق کھیلے،14 اوور کے اندر جیتنا چاہتے تھے لیکن پچ نے مشکلات پیدا کیں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ جس شاٹ پر میں آؤٹ ہوا وہ کبھی یہ شاٹ لگ جاتا ہے کبھی نہیں بہرحال یہ جیت ہمارے لیے بہت ضروری تھی، ٹیم کواس جیت کی بہت ضرورت تھی۔

اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کینیڈا کو ہرا دیا: فاسٹ بولر حارث رؤف کا بیان

دوسری جانب 4 اوور میں 13 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے پلیئرآف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے فاسٹ بولر محمد عامر کا کہنا ہے کہ کنڈیشن کو مدنظر رکھتے ہوئے بولنگ کی، میں ذہنی طور پر بہت پختہ تھا کہ مجھے کیا کرنا ہے۔

محمد عامر نے کہا کہ آغاز میں اور آخری اوورز میں صورتحال کے حساب سے اپنا کام کیا، ابھی بھی چانس ہے ،ہو سکتا ہے ہم کوالیفائی کر جائیں۔

فاسٹ بولر حارث رؤف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کینیڈا کو ہرا دیا ، کوشش کریں گے کہ آئرلینڈ کو بھی ہرائیں اور اگلے مرحلے تک جائیں، میں انجری کے بعد اپنی پرفارمنس سے مطمئن ہوں ، نیویارک میں حالات بیٹنگ کے لئے آسان نہیں ، اگلے مرحلے میں نہیں پہنچے تو اس کو تسلیم کریں گے۔