June 10, 2024 | 12:18 pm

اعظم کا انٹرنیشنل کیرئیر ختم، لیگز تک محدود رہنے کا امکان؟

جنگ، اسٹاف رپورٹر۔۔۔ امریکا کے خلاف پہلی گیند پر آؤٹ ہونے والے اعظم خان کو بھارت کے خلاف ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا ، ان کی جگہ انجری سے نجات پانے والے آل راؤنڈر عماد وسیم نے لی، بظاہراعظم خان کا انٹر نیشنل کیریئر ختم اورصرف غیر ملکی لیگز تک محدود دکھائی دے رہا ہے۔

امریکا کے خلاف گولڈن ڈک کے بعد ٹیم انتظامیہ انہیں مزید موقع دینے کے موڈ میں دکھائی نہیں دیتی۔ میچ میں وہ دس اوورز فیلڈنگ کے بعد باہر چلے گئے تھے اسی لیے ٹیم انتظامیہ انہیں سپر اوور میں بیٹنگ کیلئے نہیں بھیج سکی ۔

ذرائع کے مطابق کپتان بابر اعظم اور کوچ گیری کرسٹن کا اعظم خان پر سے اعتماد اُٹھ گیا ہے

ذرائع کے مطابق کپتان بابر اعظم اور کوچ گیری کرسٹن کا اعظم خان پر سے اعتماد اُٹھ گیا ہے۔ بھارت کے خلاف میچ سے قبل انہیں نیٹ پریکٹس میں ایک گیند بھی کھیلنے کو نہ مل سکی، وہ تنہا  اور مایوس دکھائی دیے ۔

اعظم خان کے لیے کوئی غیر معمولی صورتحال ہی ان کی واپسی کا چانس بناسکتی ہے۔ یاد رہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اوول کے مقام انہوں نے دو کیچ ڈراپ کئے تھے اور مارک ووڈ کی گیند پر صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔