May 22, 2024 | 10:09 am

ارشد ندیم کو تھرو کیلئے نئی جدید ترین کاربن فائبر کی جیولین مل گئیں

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ اولمپئین جیولین تھرور ارشد ندیم کو تھرو کے لیے نئی جدید ترین جیولین مل گئیں ان کے پاس اب کاربن فائبر کی چھ مہنگی اور جدید جیولین ہیں اس بارے میں ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ مجھے نئی جیولین کا ضرور فائدہ ہو گا ، تعاون کرنے پر سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، اگر میں اپنا بہترین کرتا ہوں تو اولمپکس میں ضرور گولڈ میڈل ملے گا ۔

خیال رہے کہ اولمپئین جیولین تھرور ارشد ندیم جنوبی افریقہ میں پانچ ہفتوں کی ٹریننگ کے بعد وطن واپس پہنچ چکے ہیں اور پنجاب اسٹیڈیم میں انہوں نے ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے اور نئی جیولین کے ساتھ ٹریننگ کر رہے ہیں ۔

ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف ، پاکستان اسپورٹس بورڈ ، پنجاب اسپورٹس اور فیڈریشن کا مشکور ہوں ، جنہوں نے ہر موقع پر تعاون کیا ہے اور مجھے سپورٹ کیا ہے فیڈریشن نے کیمپ کا اہتمام کیا ہے جہاں مجھے سلمان اقبال بٹ بڑی محنت کرا رہے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ ساؤتھ افریقہ میں ٹریننگ شاندار رہی ، مکمل ردہم میں آرہا ہوں ، اولمپکس سے قبل فن لینڈ کے ایونٹ کے لیے چار ہفتے ہیں مکمل تیار ہوں گا ، میں اگر اپنا بہترین کرتا ہوں تو اولمپکس میں ضرور گولڈ میڈل حاصل کروں گا ۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں سردی تھی اور یہاں شدید گرمی میں ٹریننگ کرنا پڑ رہی ہے لیکن میرا ماننا ہے کہ جس ایتھلیٹ نے محنت کرنا ہو تو اس کے لیے سردی گرمی کچھ نہیں ہوتی ، جیسا بھی موسم ہے خود کو تیار رکھنا ہے کیونکہ یہی ایتھلیٹ کا کام ہے۔

ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ کا کہنا ہے کہ ساؤتھ افریقہ کے کوچ کی رپورٹ مل چکی ہے اس وقت ارشد ندیم کی 65 فیصد آوٹ پٹ ہے ، 35 فیصد پر کام ہو رہا ہے ، جون کے وسط تک ارشد ندیم 100 فیصد تک تھروکرنے میں کامیاب ہوں گے۔

سلمان اقبال بٹ نے کہا کہ فن لینڈ میں سرکردہ تھرورآ رہے ہیں ، ارشد ندیم کے لیے اچھا مقابلہ ہو گا ، جو ٹریننگ ڈیزائن کی گئی ہے وہ شیڈول کے مطابق جا رہی ہے ، میں سمجھتا ہوں کہ ارشد ندیم کا جو پوٹینشل اور تجربہ ہے اس کے مطابق وہ اولمپک میڈل کی دوڑ میں ہیں۔