May 09, 2024 | 09:54 am

آئرلینڈ کے کرکٹرز نے سینٹرل کنٹریکٹس کی پیشکش مسترد کر دی

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل آئرلینڈ کے کرکٹرز نے سینٹرل کنٹریکٹس کی پیشکش مسترد کر دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کرکٹ آئر لینڈ نے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کی پیشکش کی لیکن کرکٹرز نے مسترد کر دی کیونکہ کرکٹرز معاوضوں میں اضافے اور دیگر مراعات کے خواہشمند ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آئرش کرکٹرز ایسوسی ایشن کھلاڑیوں کے طرف سے کرکٹ آئر لینڈ کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے اور اگر مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو کھلاڑیوں کو یکم مارچ سے سینٹرل کنٹریکٹس ملیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کرکٹ آئر لینڈ کے اخراجات بڑھنے اور فنڈنگ میں تاخیر ہونے سے معاملات تعطل کا شکار رہے ہیں، 2024 کے سینٹرل کنٹریکٹس کی پیشکش میں آئی سی سی فنڈنگ مارچ میں کلئیر ہونے کی وجہ سے تاخیر ہوئی۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ آئر لینڈ کے کھلاڑی گزشتہ برس کے سینٹرل کنٹریکٹس کے مطابق کھیل رہے ہیں جبکہ آئر لینڈ ویمن کرکٹ ٹیم نے تاحال سنٹرل کنٹریکٹس کے حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا۔

خیال رہے کہ آئر لینڈ کرکٹ ٹیم نے کل پاکستان کے خلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنا ہے ، آئر لینڈ ٹیم پاکستان کے خلاف سیریز کے بعد نیدرلینڈز کا دورہ کرے گی جہاں سہہ فریقی سیریز شیڈول ہے پھر ورلڈ کپ کے لیے امریکہ روانہ ہو گی۔