May 08, 2024 | 02:49 pm

اذلان شاہ: پاکستان نے کینیڈا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی

ملائشیا کے شہر ایپوہ میں جاری سلطان اذلان شاہ کپ میں پاکستان نے اپنے چوتھے پول میچ میںکنیڈا کو 4-5 گول سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل کے لئے مضبوط اُمیدوار کے طور پر اپنی حیثیت ثابت کردی۔

واضح رہے کہ پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر چار میچ میں مجموعی طور10 پوائنٹس کے ساتھ فائنل کے لئے فیورٹ ٹیم کے طور پر اہنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

پاکستان نے نئے گول کیپر منیب الرحمٰن کے ساتھ میچ کا آغاز کیا تاہم کینیڈا نے کھیل کے 5ویں منٹ میں سین ڈیوس اور 17ویں منٹ میں ہربیر سدھو کی مدد سے 2 فیلڈ گول سکور کرکے اپنی برتری قائم کرتے ہوئے پاکستان کو دباؤ میں لے لیا۔

مگر پاکستان ٹیم نے اپنے کھلاڑی ابوبکر محمود کے ذریعہ کھیل کے 28ویں اور 29ویں منٹ میں پنالٹی گول اسکور کرکے اس برتری کا خاتمہ کردیا پھر ہاف ٹائم کے بعد پاکستان ٹیم کے تجربہ کار گول کیپر عبداللہ اشتیاق خان نے پاکستان کی گول پوسٹ کا مورچہ سنبھالا ۔ تیسرے کواٹر کے 36ویں منٹ میں ارشد لیاقت نے فیلڈ گول کیا۔

اس کے بعد 44ویں منٹ میں رانا وحید اشرف فیلڈ گول کرڈالا پھر 45ویں منٹ میں غضنفر علی نے بھی فیلڈ گول اسکور کرکے پاکستان کی برتری کو مستحکم بنا دیا۔

کینیڈا کی جانب سے کھیل کے45ویں منٹ میں کھلاڑی سین ڈیوس نے فیلڈ گول اسکور کیا۔ کینیڈا کی جانب سے کھیل کے 50ویں منٹ میں اووجوت بٹر نے فیلڈ گول اسکور کرکے کینیڈا کے گول خسارے کو کم کیا مگر جیت کا پلڑہ پاکستان کے حق میں رہا۔

ایونٹ میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں میزبان ٹیم ملائشیا کے علاوہ پاکستان، کوریا، جاپان، نیوزی لینڈ اور کینیڈا کی ٹیمیں شامل ہیں، پاکستان اپنے پول کا پانچواں میچ نیوزی لینڈ کے خلاف 10 مئی کو پاکستانی وقت کے مطابق 1:00 بجے دوپہر کھیلے گا۔پاکستان نے گذشتہ ایونٹ میں تیسری پوزیشن کا میچ جیت کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔