May 06, 2024 | 02:11 pm

محمد عامر آج ٹیم کے ہمراہ آئرلینڈ روانہ نہیں ہوں گے

پاکستان کرکٹ ٹیم آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے آج رات لاہور سے روانہ ہو رہی ہے۔

اس حوالے سے قومی ٹیم کی مینجمنٹ کا بتانا ہے کہ محمد عامر آج ٹریول نہیں کریں گے، ان کا ویزا پراسس مکمل ہو گاتو وہ پہلی دستیاب فلائٹ سے روانہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم آئرلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 10، 12 اور 14 مئی کو ڈبلن میں کھیلے گی اور پھر یہاں سے انگلینڈ روانہ ہوجائے گی۔

پاکستان ٹیم کے انگلینڈ کے خلاف چار ٹی ٹوئنٹی میچز شیڈول ہیں جس کا پہلا میچ 22 مئی کو لیڈز میں کھیلا جائے گا اور پھر اس میچ کے بعد آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا جائے گا۔

پاکستان ٹیم کے دورہ انگلینڈ کا شیڈول:

پہلا ٹی ٹوئنٹی 22 مئی۔ لیڈز
دوسرا ٹی ٹوئنٹی 25 مئی۔ برمنگھم
تیسرا ٹی ٹوئنٹی 28 مئی۔ کارڈف
چوتھا ٹی ٹوئنٹی 30 مئی۔ اوول

دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے سلیکشن کمیٹی 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کرچکی ہے، قومی ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں شاداب خان، عماد وسیم ، شاہین آفریدی، عثمان خان، محمد عامر، حسن علی اور اعظم خان پر مشتمل ہے۔

ان کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں فخرر زمان، حارث رؤف، ابرار احمد، محمد رضوان، عباس آفریدی، افتخار احمد، سلمان علی آغا، صائم ایوب، نسیم شاہ اور محمد عرفان شامل ہیں۔