May 05, 2024 | 11:28 pm

انگلینڈ کیخلاف سیریز کھیلنے پاکستان وویمن ٹیم لندن پہنچ گئی

پاکستان کی وویمن کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنے لندن پہنچ گئی ہے۔

لندن پہنچنے پر قومی وویمن کرکٹرز کا پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے استقبال کیا۔

کرکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ کو گلدستے پیش کیے گئے، اس موقع پر ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے لیے فخر کا مقام ہے کہ پاکستانی وویمن کرکٹرز یہاں کھیلنے آئی ہیں اور اُمید ہے کہ اچھا پرفارم کریں گی۔

پاکستان وویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اُنہیں اپنی پوری ٹیم پر اعتما د ہے کہ وہ یہاں اچھی کارکردگی پیش کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ میچز شروع ہونے سے پہلے ہمارے پاس دو تین دن ہیں، موسم اور کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کریں گے۔

پاکستان وویمن کرکٹ ٹیم انگلینڈ میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کے علاوہ سائیڈ میچز بھی کھیلے گی۔