May 03, 2024 | 12:44 pm

پاکستان اور ویسٹ انڈیز ویمنز کے درمیان آخری ٹی 20 آج کھیلا جائے گا

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان آخری ٹی ٹوئنٹی میچ آج نیشنل اسٹیڈیم میں ساڑھے سات بجے کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ پانچ میچز کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو ایک کے مقابلے میں تین میچز کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے ، گزشتہ روز پاکستان نے چوتھا میچ 8 وکٹوں سے اپنے نام کیا تھا۔

گزشتہ شب کھیلے گئے میچ میں سعدیہ اقبال اور ندا ڈار کی عمدہ بولنگ اور پھر عائشہ ظفر کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے سیریز میں پہلی کامیابی حاصل کی۔

پاکستان ویمنز ٹیم کو پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 1 رن،دوسرے میچ میں 7 وکٹس اور تیسرے میچ میں 2 رنز سے شکست کھانی پڑی تھی۔

یاد رہے کہ اس سیریز سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنلز پر مشتمل سیریز بھی کھیلی گئی تھی جس میں پاکستان ویمنز کو تینوں میچز میں شکست سے دوچار ہونا پڑا تھا۔

پاکستان ویمنز ٹیم کو پہلے ون ڈے میں 113 رنز، دوسرے ون ڈے میں 2 وکٹس اور تیسرے ون ڈے میں 88 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ سیریز کے تمام میچز جیو سوپر براہ راست نشر کر رہا ہے۔

اس سیریز کے بعد پاکستان ویمنز ٹیم 5 مئی کو کراچی سے براستہ دبئی انگلینڈ کے لیے روانہ ہوگی جہاں اس کے تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنلز شیڈول ہیں۔

واضح رہے کہ یہ ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہے، پاکستان ویمنز ٹیم کی آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں یہ آٹھویں اور آخری سیریز ہوگی۔

پاکستان ویمنز کرکٹ کے دورہ انگلینڈ کا شیڈول:

پہلا ٹی ٹوئنٹی : 11 مئی ، برمنگھم
دوسرا ٹی ٹوئنٹی : 17 مئی، نارتھ ہیمپٹن
تیسرا ٹی ٹوئنٹی : 19 مئی، لیڈز

پہلا ون ڈے: 23 مئی ، ڈربی
دوسرا ون ڈے : 26 مئی، ٹانٹن
تیسرا ون ڈے : 29 مئی، چیلمسفورٹ