May 03, 2024 | 11:02 am

دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کیلئے پاکستان ٹیم کل سے ٹریننگ کرے گی

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں کل سے ٹریننگ کا آغاز کرے گا اور قومی اسکواڈ کے اراکین آج شام کو لاہور میں رپورٹ کریں گے۔

قومی ٹیم کی آئر لینڈ روانگی سے قبل مختصر کیمپ میں اسکلز اور فٹنس پر کام کیا جائے گا اور یہ ٹریننگ کیمپ صبح دس بجے شروع ہو گا، یہ تین روزہ اسکلز کیمپ قذافی اسٹیڈیم میں لگایا جائے گا۔ ٹریننگ کے اختتام پر کھلاڑیوں کا اوپن میڈیا سیشن بھی ہو گا۔

خیال رہے کہ پاکستان ٹیم 7 مئی کی صبح آئر لینڈ روانہ گی جہاں پاکستان ٹیم 10، 12 اور 14 مئی کو آئر لینڈ کے خلاف ڈبلن میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

اس سیریز کے بعد پاکستان ٹیم انگلینڈ روانہ ہوجائے گی جہاں چار ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز شیڈول ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 22 مئی کو لیڈز میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔

پاکستان ٹیم کے دورہ انگلینڈ کا شیڈول:

پہلا ٹی ٹوئنٹی 22 مئی۔ لیڈز
دوسرا ٹی ٹوئنٹی 25 مئی۔ برمنگھم
تیسرا ٹی ٹوئنٹی 28 مئی۔ کارڈف
چوتھا ٹی ٹوئنٹی 30 مئی۔ اوول

علم میں رہے کہ دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کیلئےقومی اسکواڈ کا اعلان گزشتہ روز کیا گیا تھا جس میں بابر اعظم کی قیادت میں شاداب خان، عماد وسیم ، شاہین آفریدی، عثمان خان، محمد عامر، حسن علی اور اعظم خان کو شامل کیا گیا ہے۔

ان کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں فخرر زمان، حارث رؤف، ابرار احمد، محمد رضوان، عباس آفریدی، افتخار احمد، سلمان علی آغا، صائم ایوب، نسیم شاہ اور محمد عرفان شامل ہیں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان 22 مئی کو لیڈز میں پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے بعد کیا جائے گا اور اسکواڈ کو 18 سے 15 رکنی کردیا جائے گا۔ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیموں کے اعلان کی آخری تاریخ 24 مئی ہے۔