May 03, 2024 | 08:19 am

پاکستان ٹیم سے کھیلنے کے لیے محنت جاری ہے: جہاندادخان

رپورٹ: ارفع فیروز ذکی۔۔۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم لاہور قلندرز کے نوجوان باولنگ آل راونڈر جہاندادخان کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم سے کھیلنے کے لیے محنت جاری ہے۔

جہاندادخان نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وسیم اکرم کی باولنگ ویڈیوز دیکھتاہوں وہ لیجنڈ ہیں، وسیم اکرم ایک مکمل فاسٹ باؤلرکا پیکج تھے، وسیم اکرم نئی گیند، ریورس سوئنگ کمال کی کرتے تھے۔

جہاندادخان نے کہا کہ میں نے کچھی سوچا نہیں تھا کہ پی ایس ایل جیسے بڑے لیول کی کرکٹ کھیل جاوں گا، میں نے اپنی ساری پروفیشنل کرکٹ گزشتہ ایک کے اندر کھیلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہیڈکوچ عاقب جاوید اور کپتان شاہین آفریدی کے تحت کھیلنے کا فائدہ ہوا، عاقب جاوید نے کہا کہ پی ایس ایل کے دوران اپنی قدرتی کھیل پر فوکس کرنا۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے نوجوان کرکٹر نے کہا کہ عاقب جاوید نےکہا پاورہٹنگ تمہاری قدرتی صلاحیت ہے اور میں نے پاورہٹنگ میں محنت کی جس کا فائدہ پی ایس ایل میں ہوا لہٰذا پاورہٹنگ کے لیے خصوصی پریکٹس کرتاہوں، جتنی پریکٹس ہوگی اتنے چھکے مار سکیں گے۔

جہاندادخان نے کہا کہ شاہین آفریدی نے مجھے سلو گیندیں، ان سوئنگ یارکر اور کٹرز کرنا سکھائے، شاہین آفریدی پوری دنیا میں نمبر ون باؤلر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ باؤلنگ میں میں اچھی ویریئشنز کے ساتھ سلو گیندیں کرتاہوں جس کی عاقب جاوید نے تعریف کی، لاہورقلندرز کے لیے کھیل کر شاہین، فخر زمان ،حارث، وین ڈر ڈوسن سے کافی کچھ سیکھنے کو ملا ہے۔

جہاندادخان کا کہنا ہے کہ اب تک 5 فرسٹ کلاس میچوں میں 140 اوورز کروائے اور اکیس آوٹ کرچکا ہوں، جتنی ریڈ بال میں لمبی باؤلنگ کی اس کا فائدہ وائٹ بال کرکٹ میں ہوا، پی ایس ایل، سندھ پریمیئر لیگ میں اچھی سلو گیندیں صرف ریڈ بال کے تجربے کی بدولت کیں۔