May 02, 2024 | 11:44 am

ہمیں چاہیئے کہ عثمان خان کو سپورٹ کریں: وہاب ریاض

پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کے سلیکٹر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ ہمیں چاہیئے کہ عثمان خان کو سپورٹ کریں کیونکہ ہم عثمان خان کو ان کی بہترین کارکردگی پر لائے ہیں۔

دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے پاکستان ٹیم کے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کا دباؤ ہوتا ہے کامیابی اور ناکامی کھیل کا حصہ ہے، عثمان خان بہتر ہو رہاہے ہمیں سپورٹ کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سب ایک پیج پر ہیں،فٹنس سےمتعلق ایک دو کھلاڑیوں کو دیکھنا ہے، ورلڈ کپ اسکواڈ سےمتعلق سب کلئیر ہے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کےلیے فٹنس دیکھ کر ٹیم کا اعلان کر دیں گے۔

وہاب ریاض نے کہا کہ ہیڈ کوچ گیری کرسٹن سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹیم پر بات چیت ہو گئی ہے اور سب ایک پیج پر ہیں،فٹنس سےمتعلق ایک دو کھلاڑیوں کو دیکھنا ہے، ورلڈ کپ اسکوڈ کا اعلان22 مئی کو انگلینڈ کے پہلے میچ کے بعد کر دیا جائے گا۔

وہاب ریاض کا یہ بھی کہنا تھا کہ حارث رؤف نے بولنگ شروع کر دی ہے،میچ پریکٹس نہیں ،اس لیے حارث رؤف کے بیک اپ کے طور پرحسن علی ٹیم میں شامل ہیں، حسن علی پہلے بھی زیر غور تھے وہ کاؤنٹی کے لیے چلے گئے تھے، ہم چیزیں بہت بہتر کر رہے ہیں ناکامی کا خوف نکال رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئر لینڈ کے خلاف سیریز میں کوچ اور کپتان فیصلہ کریں گے کہ کس قدر تبدیلیاں ہوں گی کیونکہ پلئینگ الیون کوچ اور کپتان کا کام ہے۔

وہاب ریاض نے کہا کہ ہیڈ کوچ گیری کرسٹن سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹیم پر بات چیت ہو گئی ہے اور سب ایک پیج پر ہیں،فٹنس سےمتعلق ایک دو کھلاڑیوں کو دیکھنا ہے، ورلڈ کپ اسکوڈ کا اعلان22 مئی کو انگلینڈ کے پہلے میچ کے بعد کر دیا جائے گا۔

اس موقع پر قومی ٹیم کے سلیکٹر محمد یوسف نے کہا کہ بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں بہت چیزیں کی ہیں،کپتانی میں آہستہ آہستہ سیکھا جاتا ہے بہرحال حالیہ سیریز بہت اچھی گئی ہے بہت سے کھلاڑیوں کو موقع دیا ہے، آنے والی سیریز بہت اہم ہیں۔

دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے اسکواڈ کے حوالے سے قومی سلیکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ اس اسکواڈ کو تیار کرنا ایک مشکل کام تھا جس کا سبب غیرمعمولی ٹیلنٹ کا دستیاب ہونا ہے، مکمل غور و خوض اور کرکٹ کے مختلف پہلوؤں پر غور کرنے کے بعد ہم نے ان 18 کھلاڑیوں کو حتمی شکل دی ہے۔

اسکواڈ میں بابر اعظم، فخر زمان، محمد رضوان، صائم ایوب اور عثمان خان کی شکل میں ایک مضبوط ٹاپ آرڈر موجود ہے۔ اعظم خان، افتخار احمد اور محمد عرفان خان کے ساتھ ایک موثر مڈل آرڈر موجود ہے جبکہ عماد وسیم، شاداب خان اور سلمان علی آغا ورسٹائل آل راؤنڈرز ہیں ۔ پیس بیٹری محمد عباس آفریدی، محمد عامر، نسیم شاہ، حارث رؤف، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے اور ابرار احمد کی اسپن صلاحیت بھی اسکواڈ کا حصہ ہے۔

سلیکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اُسامہ میر اور زمان خان مایوس ہوں گے اور انہیں ایسا ہی ہونا چاہیے جیسا کہ وہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دوروں کے منتظر ہوں گے۔ وہ معیاری کرکٹرز ہیں اور ان کے آگے طویل کریئر ہے، انہیں اپنی کرکٹ پر توجہ مرکوز رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر وہ دستیاب ہوں۔

علم میں رہے کہ پاکستان ٹیم لاہور میں 4 سے 6 مئی تک تین روزہ تربیتی کیمپ کے بعد 7 مئی کو ڈبلن کے لیے روانہ ہوگی۔ پاکستان ٹیم 10، 12 اور 14 مئی کو آئر لینڈ کے خلاف ڈبلن میں میچز کھیلے گی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 22 مئی کو لیڈز میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔

پاکستان ٹیم کے دورہ انگلینڈ کا شیڈول:

پہلا ٹی ٹوئنٹی 22 مئی۔ لیڈز
دوسرا ٹی ٹوئنٹی 25 مئی۔ برمنگھم
تیسرا ٹی ٹوئنٹی 28 مئی۔ کارڈف
چوتھا ٹی ٹوئنٹی 30 مئی۔ اوول