May 02, 2024 | 08:02 am

دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان آج کیا جائے گا

دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان آج کیا جائے گا۔ اس دورے سے متعلق کہا جارہا ہے کہ فاسٹ بولر حارث رؤف کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے جبکہ عثمان خان کو بھی مزید موقع دیا جائے گا، وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان پہلے سے بہت بہتر محسوس کر رہے ہیں اور وہ بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

خیال رہے کہ ورلڈ کپ کے لیے حتمی ٹیم بھیجنے کی آخری تاریخ 24 مئی ہے، اس لیے پاکستان کرکٹ بورڈ آئر لینڈ کے تین اور انگلینڈ کے ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس دیکھ کر ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان کرے گا۔

علم میں رہے کہ پاکستان ٹیم 10، 12 اور 14 مئی کو آئر لینڈ کے خلاف ڈبلن میں میچز کھیلے گی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 22 مئی کو لیڈز میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔

پاکستان ٹیم کے دورہ انگلینڈ کا شیڈول:

پہلا ٹی ٹوئنٹی 22 مئی۔ لیڈز
دوسرا ٹی ٹوئنٹی 25 مئی۔ برمنگھم
تیسرا ٹی ٹوئنٹی 28 مئی۔ کارڈف
چوتھا ٹی ٹوئنٹی 30 مئی۔ اوول