May 01, 2024 | 04:02 pm

چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کا پاکستان میں سفر کم رکھنے کی تجویز

رپورٹ: فیضان لاکھانی۔۔۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اگلے سال پاکستان میں ہونے جارہی ہے جس کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی ہوگی اور پاکستان میں ہی ہوگی اور تمام آٹھ ٹیمیں ایونٹ میں شرکت کریں گی۔

اسی حوالے سے ذرائع کا بتانا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے دوران بھارتی ٹیم کا سفر کم رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پہلے راؤنڈ میں بھارتی ٹیم کے میچز ایک ہی شہر میں رکھنے کی تجویز ہے، تجویز کا مقصد پاکستان میں قیام کے دوران بھارتی ٹیم کا ٹریول کم رکھنا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) چیمپئنز ٹرافی کا ابتدائی ڈرافٹ شیڈول انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بھیج چکا ہے اور اس بارے میں ذرائع کا بتانا ہے کہ ابتدائی شیڈول پر اب آئی سی سی دیگر ملکوں سے فیڈ بیک لے گا۔

علم میں رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 فروری میں پاکستان میں شیڈول ہے جس کے لیے پاکستان کے تین وینیوز کراچی، لاہور اور راولپنڈی منتخب کئے گئے ہیں۔