May 01, 2024 | 12:50 pm

چیمپئنز ٹرافی : آئی سی سی کے پچ کنسلٹنٹ نیشنل اسٹیڈیم پہنچ گئے

پاکستان میں اگلے سال شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنے جارہاہے اور اسی سلسلے میں ملک کے اسٹیڈیمز میں پچز اور پلیئنگ فیلڈ کا جائزہ لینے کیلئے آئی سی سی پچ کنسلٹنٹ نیشنل اسٹیڈیم پہنچ گئے ہیں۔

آئی سی سی پچ کنسلٹنٹ پاکستان کے چار روزہ دورے کا آغاز کراچی سے کیا ہے اور پھر جائزہ لینے کے بعد وہ لاہور اور راولپنڈی میں بھی وینیوز کا جائزہ لیں گے۔

واضح رہے کہ اس دورے میں وہ پاکستانی پچز کیوریٹرز سے بھی ملاقات کریں گے اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے وکٹ کی تیاری پر ان کی رہنمائی بھی کریں گے ۔

خیال رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے معاملات کا جائزہ لینے کیلئے یہ دو ماہ میں آئی سی سی کی جانب سے دوسرا دورہ ہے، گزشتہ ماہ ہونیوالے دورے میں وینیوز کی سہولیات کا جائزہ لیا گیا تھا ۔

یاد رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی فروری دو ہزار پچیس میں پاکستان میں شیڈولڈ ہے جس کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو مجوزہ شیڈول پہلے ہی بھیج چکا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کا گزشتہ روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی ہوگی اور پاکستان میں ہی ہوگی، تمام آٹھ ٹیمیں ایونٹ میں شرکت کریں گی ، ایسا کیوں سوچنا کہ بھارت نہیں آئے گی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان کی تیاریاں بھرپور انداز میں جاری ہیں ، ایک لمحے کیلئے بھی اس میں ٹہراو نہیں آئے گا، پہلے وینیوز کا جائزہ لینے کو آنے والا وفد بھی مطمئن رہا تھا اور اب پچ کنسلٹنٹ بھی پاکستان آرہے ہیں ۔