April 15, 2024 | 11:21 am

اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں کون سے کیمپ کے کھلاڑی شرکت کریں گے؟

azlan shah mien kon say camp kay khilari shirkat karenge
رپورٹ: عتیق الرحمٰن۔۔۔ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا کراچی میں کیمپ لگ گیا ہے۔

اس حوالے سے ہیڈکوچ ایاز محمود کا بتانا ہے کہ کیمپ کے پہلے روز 35 کھلاڑیوں نے رپورٹ کیا ہے جبکہ مزید کھلاڑی شام تک رپورٹ کریں گے۔

خیال رہے کہ کھلاڑیوں کا پہلا ٹریننگ سیشن صبح 6بجے شروع ہوا جو ساڑھے تین گھنٹے جاری رہا اور اس سیشن میں کوچ ریحان بٹ اور محمد ثقلین نے کھلاڑیوں کو ٹریننگ کرائی، فزیکل ٹرینگ کے ساتھ ساتھ ہاکی کی مختلف ڈرل پر بھی کام کیا گیا۔

اذلان شاہ ٹورنامنٹ کے آرگنائزنگ سیکرٹری نورازمی سفر کا پی ایچ ایف سیکرٹری حیدر حسین سے رابطہ ہوا ہے اور آرگنائزنگ سیکرٹری نے پاکستان ٹیم کا پریکٹس شیڈولڈ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کو بھیج دیا ہے۔

علم میں رہے کہ سلطان اذلان شاہ کپ 4 مئی سے شروع ہوگا جس کے لیے پاکستان ٹیم دومئی کوملائیشیا روانہ ہوگی۔ پاکستان ٹیم ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں پہلا پریکٹس سیشن 2مئی کو رات 9بجے کرے گی۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے دو صدر، دو سیکرٹری اور دو الگ الگ کیمپس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

ایک کیمپ عبدالستار ہاکی اسٹیدیم کراچی میں آج سے شروع ہوگیا یہ کیمپ شہیلا رضا کی صدارت میں کام کرنے والی فیڈریشن کے تحت لگایا گیا ہے۔

جبکہ اس ہی ایونٹ کی تیاری کیلئے طارق بگٹی کی صدارت میں کام کرنے والی دوسری فیڈریشن کے تحت کیمپ 16 اپریل سے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم، اسلام آباد میں شروع ہوگا۔

واضح رہے کہ دونوں فیڈریشنز کا دعویٰ ہے کہ ان کی منتخب ٹیم اذلان شاہ ہاکی کپ میں شرکت کرے گی۔