April 15, 2024 | 09:47 am

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی سیریز میں بارش کی مداخلت کا امکان

pakistan aur newzeland ki series mein barish ki madakhlat ka imkan
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم گزشتہ روز پاکستان کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان پہنچ چکی ہے اور 18 اپریل کو پہلا میچ کھیلا جائے گا۔

موسم کے حوالے سے پیشگوئی کی گئی ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان میچز بارش سے متاثر ہوسکتے ہیں جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اور رواں ہفتے بھی بارشیں متوقع ہیں۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تینوں ٹی ٹوئنٹی میچوں کے روز بھی بارش کی پیشگوئی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان 18، 20 اور 21 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹی ٹوئنٹی میچز شیڈول ہیں۔

کیوی ٹیم کے شیڈول کی بات کی جائے تو مہمان ٹیم آج آرام کرے گی اور منگل اور بدھ کو ٹریننگ کرے گی جبکہ پاکستان ٹیم میں شامل کھلاڑی بھی اسلام آباد پہنچ گئے آج سے ٹریننگ کریں گے۔

واضح رہے کہ سیریز کے تمام میچز پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل جیوسوپر براہ راست نشر کرے گا۔

سیریز کا شیڈول
14 اپریل ۔ نیوزی لینڈ کی پاکستان آمد
16 اور 17 اپریل۔ پریکٹس
18 اپریل ۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔ راولپنڈی
20 اپریل ۔ دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔ راولپنڈی
21 اپریل ۔ تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔راولپنڈی
25 اپریل ۔ چوتھا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔ لاہور
27 اپریل ۔ پانچواں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔ لاہور