April 01, 2024 | 10:32 am

سلیکشن کمیٹی آج کپتان بابراعظم سے مشاورت کرے گی

selection commmite ajj babar azam say mashwrt kary gi
رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ قومی کرکٹرز فٹنس کے لیے کاکول اکیڈمی میں موجود ہیں جہاں پاکستان ٹیم کے ایک بار پھر بننے والے کپتان بابراعظم بھی موجود ہیں۔

اس حوالے سے ذرائع کا بتانا ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی کے اراکین کاکول میں موجود ہیں اور آج کپتان بابر اعظم کے ساتھ مشاورتی عمل شروع کریں گے۔

اس ہونے والے مشاورتی عمل کے بارے میں ذرائع کا بتانا ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کرے گی۔

ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے اراکین چیئرمین محسن نقوی سے بھی ملاقات کریں گے اور انہیں کاکول کیمپ کا فیڈ بیک بھی دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں روٹیشن پالیسی کو اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، روٹیشن پالیسی کا مقصد کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ آزمانا ہے۔

ذرائع کے مطابق فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو روٹیشن پالیسی کے تحت کھلایا جائے گا، شاہین آفریدی سمیت کھلاڑیوں کو آرام دینے اور روٹیشن پالیسی کے حوالے سے اجلاس میں بات ہو گی۔

ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے 17 ، 18 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا جا سکتا ہے اور انہی کھلاڑیوں میں سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا اعلان ہو گا۔

ذرائع کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈز کے اعلان کی ڈیڈ لائن یکم مئی ہے جبکہ 25 مئی تک اسکواڈز میں تبدیلی کی جا سکے گی پھر اس کے بعد آئی سی سی کی اجازت ضروری ہوگی۔