February 23, 2024 | 07:07 pm

’’رائلی روسو کو ناٹ آؤٹ دینا انسانی غلطی تھی‘‘

psl9 rilee rossouw ko not out dena insani glati thi
ہاک آئی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو تصدیق کردی ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ میں سلمان علی آغا کے خلاف رائلے روسو کو ناٹ آؤٹ قرار دینا انسانی غلطی تھی۔

ہاک آئی نے تسلیم کیا ہے کہ سسٹم نے زیربحث ڈلیوری کو درست طریقے سے ٹریک کیا تھا جس میں امپائر کی کال کے طور پر امپیکٹ اور وکٹ کو ہٹ کے طور پر دکھایا گیا تھا۔ تاہم آپریٹر کی غلطی کی وجہ سے غلط بال ٹریکنگ ڈیٹا کوآن ایئر کردیا گیا۔

ہاک آئی کی وضاحت کے مطابق اگر توقع کے مطابق عمل کیا گیا ہوتا تو بال ٹریکنگ کا درست ڈیٹا غلط ڈیٹا کے چلنے کے چند سیکنڈ بعد ہی دستیاب ہوتا۔

واضح رہے کہ ہاک آئی بال ٹریکنگ کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی واحد منظور شدہ ٹیکنالوجی ہے جسے پہلی بار 2008 میں آزمایا گیا تھا اور اس کے بعد سے یہ DRS کا حصہ ہے۔

علم میں رہے کہ گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ میں شکست کے بعد شاداب خان نے ڈی آر ایس ٹیکنالوجی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

شاداب کا کہنا تھا کہ میرے خیال سے ہم ٹیکنالوجی کی خرابی کی وجہ سے ہارے ہیں، ریویو میں کوئی اور گیند دکھائی گئی، وہ میچ کا گیم چینچنگ لمحہ تھا، میرے خیال سے ان چیزوں کو درست ہونا چاہئے اتنے بڑے ٹورنامنٹ میں ایسی غلطیاں نہیں ہونی چاہئے۔

انہوں نے ریویو میں دوسری گیند دکھانے پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ میں نے بطور لیگ سپنر 4 اوورز کروائے ہیں، تب گیند اتنی نہیں گھوم رہی تھی۔ ریویو میں آغا سلمان کی بال کو سب سے پہلے ہٹنگ آؤٹ سائڈ آف اسٹمپ اور پھر اسپنگ بھی کر دی، میرے خیال سے اتنے بڑے ٹورنامنٹ میں ایسی غلطیاں نہیں ہونی چاہئے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز کے 11ویں اوور کی آخری گیند پر یونائیٹڈ کے گیندباز آغا سلمان کی گیند پر سویپ شاٹ کھیلنے کی ناکام کوشش میں کپتان رائلی روسو کو آن فیلڈ امپائر علیم ڈار نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ دے دیا تھا تاہم ریویو میں انہیں ناٹ آؤٹ قرار دیا گیا۔