February 23, 2024 | 01:12 pm

پی سی بی میں اعلیٰ سرکاری افسران کی تقرری کا معاملہ، افسران میں کھلبلی مچ گئی

pcb mien ala sarkari afsaran ki taqurari ha mamla
رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں اہم سرکاری عہدوں پر تعینات افسران کی ڈیپوٹیشن پر تقرری کے بعد بورڈ کے موجودہ اعلی عہدیداران میں کھلبلی مچ گئی۔

اس بارے میں ذرائع کا بتانا ہے کہ پی سی بی میں موجودہ اعلیٰ عہدیداروں کی ڈیپوٹیشن پر تعیناتی کے امکانات زیر بحث ہیں اور ان افسران کو اپنے مستقبل کی فکر ستانے لگی ہے جس کے بعد متعلقہ افسران نے آپس میں صلاح مشورے شروع کر دیے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں دو پولیس افسران اور ایک ایڈمسٹریٹو سروسز کے افسرکی خدمات حاصل کی گئی ہیں جبکہ سی او او سلمان نصیر کو نئی ذمہ داریاں سونپی جا سکتی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کے ساتھ ساتھ سکیورٹی اینڈ ویجیلنس، ایچ آر، لیگل اور مارکیٹنگ کے سربراہان کی بھی تبدیلی کا امکان ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پچھلے ادوار میں پی سی بی میں آنے والے افسران کے الگ ہونے کا امکان ہے اور شعبہ انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی تبدیلی کا قوی امکان ہے۔

بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی آئین کے مطابق سی ای او یا ایم ڈی کا عہدہ بھی متعارف کرایا جا سکتا ہے، پنجاب کی حکومتی ذمہ داریوں سے الگ ہونے کے بعد چئیرمین محسن نقوی کی ساری توجہ بورڈ کے معاملات پر ہوگی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ بورڈ میں ری شفلنگ کے بعد محسن نقوی پاکستان کرکٹ ٹیم کے معاملات دیکھیں گے اور پاکستان ٹیم کے لیے غیر ملکی کوچز ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق محسن نقوی اس حوالے سے جلد مشاورتی عمل شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ گزشتہ ہفتے محسن نقوی نے دوٹوک کہا تھا کہ جو آتا ہے وہ اپنی کابینہ لاتا ہے۔