February 13, 2024 | 08:54 pm

پی ایس ایل 9 کیلئے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی

PSL 9 kay liye security intezamat ko hatmi shakal dedi gai
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کےلیے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی نے کہا کہ 3 اضلاع میں 17 ہزار 176 پولیس اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے۔ لاہور میں 6 ہزار 936، ملتان میں 5700 جبکہ راولپنڈی میں 4538 اہلکار تعینات ہوں گے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاک فوج کی 3 کمپنیاں بھی پی ایس ایل 9 کی سیکیورٹی پر مامور ہوں گی۔

ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق تینوں اضلاع میں ٹریفک کی روانی کےلیے اضافی نفری طلب کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں شریک ٹیموں کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا جائے گا، ٹیموں کی نقل و حرکت اور میچز کے دوران جیمرز کی تنصیب بھی کی جائے گی۔

علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے روٹس کی فضائی نگرانی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے کی جائے گی۔ سیف سٹیز کے کیمروں سے ایونٹ کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ ٹیموں کے روٹس اور اسٹیڈیم میں اضافی کیمرے نصب ہونگے۔ موبائل کمانڈ وین، پیرو کی گاڑیاں بھی کیمروں کے ساتھ متحرک ہوں گی۔

ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق روٹس پر 20 ڈولفن اور 20 ایلیٹ فورس کی ٹیمیں پٹرولنگ کریں گی۔