February 08, 2024 | 10:40 am

99؍ فیصد اُمیدوار ایسے ہیں جن کو میں ووٹ نہ دوں: رمیز راجا

99 fisad umdeerwar aisy hein jin ko mein vote na dun ramiz raja
قومی کر کٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سابق چیئر مین پی سی بی رمیز راجا کا کہنا ہے کہ انتخابات میں 99 فیصد ایسے اُمیدوار کھڑے ہیں کہ میں ان کو ووٹ نہ دوں،اس لئے کہ ان کے افکار اور حلیہ 1960 والے ہیں اور ہم 2024 میں جی رہے ہیں، یہ ہمارا اولڈسسٹم ہے۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کا منشور دیکھیں تو ایسا لگتا ہے کہ جیسے یہ لالچ دی جاتی ہے کہ ووٹ دو روٹی کے لیے ،مکان کے لیے اور کپڑے کے لیے یاکسی لالچ کے لیے تو یہ خاص پاکستان کی ترقی اور اس کے آگے بڑھنے کیلئے نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ ملک میں آج 12 کروڑ پچاسی لاکھ سے زائد ووٹر قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں میں امیدواروں کو چنیں گے۔

اس مرتبہ ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ 17 ہزار 816 اُمیدوار میدان میں ہیں، 882 خواتین امیدوار اور 4 خواجہ سرا بھی جنرل نشستوں پر الیکشن لڑ رہے ہیں، قومی اسمبلی کے لیے5121 امیدوار میدان میں اترے ہیں۔

پاکستان میں عام انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری ہوچکی ہے، پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عملے نے ذمے داریاں سنبھال لیں ہیں اور پولنگ ایجنٹس کو خالی بیلٹ باکس دکھا کر سیل کر دیے گئے۔ ووٹرز پولنگ اسٹیشن پہنچنا شروع ہوگئے ہیں اور پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔