February 06, 2024 | 02:31 pm

محسن نقوی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین منتخب

mohsin naqvi pcb kay chairman muntakhib
رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی بلا مقابلہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) منتخب ہوگئے ہیں۔

اس بارے میں الیکشن کمشنر پی سی بی شاہ خاور کا کہنا ہے کہ محسن نقوی بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں اور آج کے دن سے ہی محسن نقوی چیئرمین پی سی بی ہیں۔

شاہ خاور نے مزید کہا کہ آج ہی محسن نقوی کو چارج دے دیا ہے اور وہ 3سال کے لیے چیئرمین ہیں، محسن نقوی نگراں وزیراعلیٰ کے ساتھ چیئرمین پی سی بی بن سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ قانون اور آئین میں پابندی نہیں کہ وہ چیئرمین فوری نہیں بن سکتے، ایسا بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جو آئین کے مطابق ہے، آنے والے ایونٹس میں اچھا کام اور فیصلے ہوں گے۔

واضح رہے کہ آئین کے مطابق محسن نقوی کو 3سال کےلیے چیئرمین پی سی بی منتخب کیا گیا ہے، محسن نقوی پاکستان کرکٹ بورڈ کے 37ویں چیئرمین ہیں، نئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی چندروزمیں ذمےداریاں سنبھالیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے پیٹرن، نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے محسن نقوی کو باضابطہ طور پر پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز (بی او جیز) میں نامزد کیا تھا۔

محسن نقوی کو ذکاء اشرف کی جگہ بی او جی میں بطور پیٹرنز نمائندہ نامزد کیا گیا تھا جبکہ ذکاء اشرف کے مستعفی ہونے کے بعد پی سی بی کے آئین کے تحت پی سی بی کی باگ ڈور الیکشن کمشنر شاہ خاور کے ہاتھ میں آگئی تھی۔