February 06, 2024 | 08:29 am

کون ہوگا پی سی بی کا چیئرمین ؟ فیصلہ آج ہوجائے گا

kon hoga pcb ka chairman faisla ajj hojaye ga
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے چیئرمین کا انتخاب آج ہوجائے گا۔ نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نئے چیئرمین پی سی بی کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔

ذکا اشرف اور نجم سیٹھی منیجمنٹ کمیٹی کی ذمے داریاں نبھاکر سبکدوش ہوگئے ہیں۔امکان ہے کہ وہ منتخب ہونے کے ایک ہفتے بعد پنجاب حکومت کی ذمے داریوں سے سبکدوش ہوکر تین سال کے لئے چیئرمین بن جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کے انتخاب کے لیے پی سی بی گورننگ بورڈ کا خصوصی اجلاس آج طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس الیکشن کمشنر شاہ خاور نے طلب کیا ہوا ہے۔

اجلاس دوپہر 2 بجے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہو گا، گورننگ بورڈ میں پیٹرن کے 2 نمائندے محسن نقوی اور مصطفیٰ رمدے شامل ہیںان کے علاوہ آزاد جموں کشمیر، ڈیرہ مراد جمالی، لاڑکانہ، بہاولپور، سوئی ناردرن گیس، غنی گلاس، اسٹیٹ بینک اور پی ٹی وی گورننگ بورڈ کا حصہ ہیں۔

وزارت بین الصوبائی رابطہ کے سیکریٹری یا کوئی اور نمائندے نان ووٹنگ ممبر کی حیثیت سے شریک ہوں گے۔یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ اس سے قبل نجم سیٹھی بھی نگراں وزیر اعلی بننے کے بعد فیروز پور روڈ میں پی سی بی کی ہاٹ سیٹ پر آئے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ میں ماضی میں تھر ی اسٹار جنرل،سپریم کورٹ کے چیف جسٹس،بیورو کریٹ، سفارت کار اور متعددسیاسی شخصیات پی سی بی چیئرمین بن چکی ہیں لیکن اس وقت پاکستان کرکٹ ٹیم جس بری طرح ناکام ہورہی ہے اس کو سامنے رکھتے ہوئے محسن نقوی کے لئے سخت چیلنجز ہیں، وہ ایک میڈیا ہاؤس کے مالک ہیں ۔

پی سی بی کے قائم مقام چیئرمین شاہ خاور نے کہا ہے کہ بورڈ آف گورنرز کی تشکیل کے بعد پی سی بی کے الیکشن کا اعلان کریں گے۔میری تقرری الیکشن کمشنر کے طور پر ہوئی تھی، الیکشن کمشنر کا کام پی سی بی کے الیکشن کرانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہائی کورٹ کی طرف سے روکا گیا کہ بورڈ آف گورنرز تشکیل نہ دیا جائے، میری تعیناتی بھی لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کی گئی۔ ذکا اشرف کے بعد محسن نقوی متبادل کے طور پر سامنے آئے، بورڈ آف گورنرز کی تعیناتی یقینی بنانی ہے۔ میری تعیناتی ایک ماہ کے لیے بڑھادی گئی ہے۔