February 03, 2024 | 12:00 am

پاکستان، بھارت ٹینس ٹیمیں 60 سال بعد آمنے سامنے

Pakistan and India tennis teams Face Off after 60 years
پاکستان اور بھارت کی ٹینس ٹیمیں 60 سال بعد اسلام آباد میں ڈیوس کپ ٹائی کھیلیں گی، پہلے دن 2 سنگلز کھیلے جائیں گے جبکہ اتوار کو ڈبلز اور ریورس سنگلز ہوں گے۔

پاکستان کے ٹینس اسٹار اعصام الحق کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم کسی بھی حریف کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

بھارتی ٹیم کے کوچ ذیشان علی کہتے ہیں کہ ٹیم کی تیاری اچھی ہے، عمدہ مقابلے کی توقع ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ ٹینس سیریز ہونی چاہئے۔

اسلام آباد میں ہونے والی تاریخی ڈیوس کپ ٹائی کے پہلے دن پہلا میچ پاکستان کے اعصام الحق اور رام کمار رماناتھن کے درمیان ہوگا۔

دوسرے سنگلز میں عقیل خان، سری رام بالاجی کا سامنا کریں گے۔

اتوار کو ڈبلز میں مزمل مرتضیٰ اور برکت اللّٰہ پر مشتمل جوڑی یوکی بھمبری، ساکیتھ منینی سے ٹکرائے گی، جس کے بعد ریورس سنگلز کھیلے جائیں گے، تاریخی ٹائی کےلیے تیاریاں مکمل ہیں۔

پاکستانی اسٹار اعصام الحق کا کہنا ہے کہ بھارت سے سخت مقابلہ ہوگا، عقیل خان کہتے ہیں کہ گراس کورٹ پرکھیلنے کا تجربہ ہے، امید ہے ٹائی جیت لیں گے۔

دوسری جانب بھارتی ٹیم کے کوچ ذیشان علی نے کہا کہ یہ بہت سخت مقابلہ ہوگا، 60 سال پہلے بھارتی ٹیم پاکستان آئی تھی، یہ نیا مقابلہ ہے اور ہم اسے جیتنا چاہتے ہیں۔