December 09, 2023 | 02:16 pm

آسٹریلیا ٹیسٹ: ابرار احمد کی جگہ ساجد خان کے نام پر اتفاق

ibrar ki jaga sajid khan kay naam par itefaq
رپورٹ: عتیق الرحمٰن۔۔۔ کینبرا میں پرائم منسٹر الیون کے خلاف مسٹری اسپینر ابرار احمد پیر کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے جس پر ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کا چیف سلیکٹر وہاب ریاض سے متبادل کےلیے رابطہ ہوا تھا۔

اس حوالے سے ذرائع کا بتانا ہے کہ آف اسپینر ساجد خان کے نام پر اتفاق ہوا ہے اور انہیں تیار رہنے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ابرار احمد کی میڈیکل رپورٹ کا جائزہ لیا جارہا ہے مگر ذرائع کا بتانا ہے کہ ابرابر احمد پرتھ ٹیسٹ نہیں کھیل سکیں گے لہٰذا آف اسپینر ساجد خان کا نام زیر غور ہے۔

ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ ابرار احمد انجری کی وجہ سے سیریز سے باہر ہوئے تو ساجد خان کو آسٹریلیا بھیجا جاسکتا ہے، ابرابر احمد کی انجری کا جائزہ لے کر ان کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا کے اسکواڈ میں لفٹ ہنڈ بیٹر زیادہ ہے اس لیے لفٹ ہنڈ بیٹر کی وجہ سے آف اسپینر ساجد خان مضبوط امیدوار بن گئے ہیں۔

علم میں رہے کہ ویزا پراسیس کی وجہ سے پہلے ٹیسٹ سے قبل ساجد خان آسٹریلیا جانا مشکل ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 14 دسمبر سے پرتھ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ 25 دسمبر سے میلبرن میں اور تیسرا میچ 3 جنوری سے سڈنی میں شیڈول ہے۔