November 30, 2023 | 08:35 am

عماد وسیم بگ بیش لیگ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے

imad wasim bbl mein action mien dikhai denge
رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

سابق قومی کرکٹر عماد وسیم کا بگ بیش لیگ کےبلئے میلبرن اسٹارز سے معاہدہ طے ہوگیا ہے۔

علم میں رہے کہ آل راؤنڈر عماد وسیم بگ بیش میں 25 دسمبر کے بعد سے میلبرن اسٹارز کو دستیاب ہوں گے۔

اس بارے میں جی ایم میلبرن اسٹارز بلئیر کراوچ کا کہنا ہے کہ ہم میلبرن اسٹارز کے پاکستانی فینز کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں دیکھنے کے لئے بےتاب ہیں۔

بلئیر کراوچ کہتے ہیں کہ پاکستانی شائقین میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں عماد وسیم، اسامہ میر اور حارث روف کو دیکھیں گے، عماد وسیم کے پاس ٹی ٹوئنٹی کا وسیع تجربہ موجود ہے۔

یاد رہے کہ عماد وسیم کچھ روز پہلے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں، اور ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کیریئر کے بارے میں سوچ رہا تھا، میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ یہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کا درست وقت ہے۔

آل راؤنڈر نے 55 ایک روزہ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 5 نصف سنچریوں کی بدولت 986 رنز بنائے جبکہ 44 وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔

عماد وسیم نے پاکستان کی طرف سے 66 ٹی20 میچز کھیلے ہیں، جس میں انہوں نے 486 رنز بنائے اور 65 وکٹیں حاصل کیں۔