November 29, 2023 | 09:27 am

آسٹریلیا میں فینز کی توجہ کا مرکز کون سے کھلاڑی ہوں گے؟ سرفراز نے بتا دیا

australia mien fans ki tawjh ka markaz kon say khilari honge sarfaraz nay bata dia
رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے 30 نومبر کو رات 3 بجے لاہور سے سڈنی کے لیے روانہ ہونا ہے۔

اس دورہ سے قبل قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ وہاں بابر بمقابلہ اسٹیو اسمتھ اور مچل اسٹارک بمقابلہ شاہین آسٹریلیا سیریز میں فینز کی توجہ کا مرکز ہوگا۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ بابر اعظم اور اسٹیو اسمتھ دونوں ہی عالمی معیار کے بلے باز ہیں اور بینو قادر ٹرافی میں ان دونوں کھلاڑیوں کو لائیو ایکشن میں دیکھنا نوجوان کرکٹرز کے لیے بہترین موقع ہوگا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ شاہین آفریدی اور مچل سٹارک بہترین باؤلرز ہیں جو کسی بھی وقت مخالف ٹیم کو پریشان کر سکتے ہیں، شاہین آفریدی نے گزشتہ سیریز میں ڈیوڈ وارنر کے خلاف شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا تھا لہٰذا اس مرتبہ بھی فینز شاہین آفریدی اور ڈیوڈ وارنر کا ٹاکرا دیکھنے کے منتظر ہوں گے۔

وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ آسٹریلیا کی کنڈیشنز ہمیشہ چیلنجنگ ہوتی ہیں، میں نے دو مرتبہ آسٹریلیا کا دورہ کیا ہے، یہاں سیکھنے کا بہت موقع ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کرکٹ فینز ہمیشہ پاکستان ٹیم کی حمایت کرتے ہیں اور مجھے یقین ہے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بھی فینز بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔