November 20, 2023 | 02:08 pm

ورلڈ کپ: گراؤنڈ میں داخل ہونے والے شخص کی اپڈیٹ

ground mien dakhil honay waly sakhs ki update
گزشتہ روز آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں جب بھارت کی بیٹنگ جاری تھی تو ایسے میں ایک شخص فلسطینی پرچم والی شرٹ پہنے میدان میں داخل ہوا اور ویرات کوہلی کو گلے لگالیا تھا۔

اس واقع کے بعد اس کو فوری طور پر حکام نے اپنی حراست میں لے لیا تھا، بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ شخص کو اب احمد آباد کی کرائم برانچ کے حوالے کردیا گیا ہے۔

علم میں رہے کہ احمدآباد کے نرندرا مودی اسٹیڈیم میں میچ کے 14 ویں اوور میں اس شخص نے گراؤنڈ میں انٹری دی، مذکورہ شخص نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینیوں کی حمایت کےلیے فلسطینی جھنڈے والی شرٹ پہنی ہوئی تھی۔اس کی شرٹ کی پشت پر ’’فری فلسطین‘‘ درج تھا جبکہ سامنے ’’فلسطینیوں پر بمباری بند کرو‘‘ کا نعرہ درج تھا۔

یہ تماشائی سیکیورٹی حصار کو توڑ کر میدان میں داخل ہواتھا، اس نے فلسطینی پرچم والا ماسک بھی پہنا ہوا تھا، اس شخص کے میدان میں آنے کی وجہ سے کھیل کو کچھ دیر کیلئے روکنا پڑا، بعدازاں سیکیورٹی اہلکاروں نے نوجوان کو حراست میں لے لیا ہے۔

واضح رہے کہ میگا ایونٹ کا فائنل آسٹریلیا نے 6 وکٹوں سے جیت کر چھٹی بار عالمی چیمپئن بن گیا۔